ضلعی انتظامیہ سرگودہا کے زیر اہتمام ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں جناح ہال کمپنی باغ میں عظیم الشان سیرت کانفرنس او رمحفل نعت کا اہتمام کیاگیا

Date: 
Nov 21, 2020
Department / District: 
Sargodha

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں جناح ہال کمپنی باغ میں عظیم الشان سیرت کانفرنس او رمحفل نعت کا اہتمام کیاگیا ۔ اس بابرکت محفل میں ضلعی پولیس آفیسر ذوالفقار احمد ‘ ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شہباز حسین نقوی ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہ رخ خان ‘ اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ارشد وٹو ‘ چیئرمین ایس ڈی اے ممتاز اختر کاہلوں کے علاہ مولانا مشتاق احمد الزہری ‘ پروفیسر فیروز شاہ ۔ علامہ نصیر احمد ‘ قاری احمد علی ندیم ‘قاری وقار احمد عثمانی ‘ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم اور مولانااکرم طوفانی سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام ‘ ثنا خواں ‘سرکاری افسران او رعاشقان رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں ڈی پی او ذوالفقار احمد نے کہاکہ 1482 سال سے عالم انسانیت محمد مصطفی کی تعلیمات سے فیض حاصل کر رہی ہے ۔ آپ کے دامن رحمت میں جو بھی آجاتا ہے اسے امان ملتی ہے ۔ آج امت مسلمہ جن مسائل سے دوچار ہے ان کا حل تعلیمات نبوی میںموجود ہے ۔ آپ کی حیات مبارکہ کاہر عہد ہم سب کےلئے مشعل راہ ہے ۔اسلام عالمگیرامن ‘ بھائی چارے اور اخوت کاپیغام دیتاہے ۔ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ ہماری نجات اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے سے ہی ممکن ہے ۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ حضرت محمد کی شان لفظوں میں بیان نہیں کی جاسکتی جس ہستی کا ذکر خالق کائنات خود بلند کرتاہے انسان اس کی تعریف کیلئے لفظ تلاش نہیں کرسکتا۔

چیئرمین سرگودہا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ممتاز احمد کاہلوں نے کہاکہ آپ کائنات کیلئے رحمت اللعالمین ہیں رحمت کے یہ نگینے ہر امتی کوایک دوسرے پر نچھاورکرنے چاہیں ۔ صلہ رحمی ہی ہمارے زندہ رہنے کا راستہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں صبروتحمل ‘ بردباری او راخوت ومروت کا مظاہرہ کرنا چاہےے ۔

بابرکت محفل سے مولانا مشتاق احمد الزہری ‘ پروفیسر فیروز شاہ ‘ علامہ نصیر احمد ‘ قاری احمد علی ندیم‘قاری وقارعثمانی ‘ مولانا اکرم طوفانی اور ڈاکٹرہارون الرشید تبسم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضور نے رنگ ونسل کی تمیز اور برتری کامعیار ختم کر کے معاشرے میں عدل وانصاف کو رواج دیا ۔ عورتوں او ر بچوں کو عزت دی جس سے ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہوسکا ۔بنی نوح انسانیت کیلئے قیامت تک زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے او رہمیں چاہےے کہ اپنی روزمرہ زندگی میں اسوہ حسنہ پر عمل کریں تاکہ معاشرے میں امن آئے اور باہمی محبت میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ حب رسول کے تقاضوں کے مطابق روزمرہ رہن سہن میں بھی اسوہ حسنہ پر عمل کیا جائے تاکہ استحصال سے پاک معاشرہ تشکیل دیاجاسکے ۔ اس بابرکت محفل میں ثناءخواں جمشید قادری سمیت مختلف سکولوں کے طلبہ نے بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے ۔ تقریب کا اختتام مولانا اکرم طوفانی کی ملکی سلامتی وترقی او رحب رسول دلوں میں قائم رکھنے کی دعا سے ہوا۔