وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات کے تحت ضلع ڈیرہ غازیخان کی اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیاگیا.

Date: 
Nov 21, 2020
Department / District: 
Dera Ghazi Khan

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات کے تحت ضلع ڈیرہ غازیخان کی اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیاگیا. دفاتر اور تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایاگیا. علاوہ ازیں کوٹ چھٹہ کے نجی ہوٹل میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر محمد اسد چانڈیہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی. علماء، خطبا اور مقررین نے سیرت النبی  ﷺ پر روشنی ڈالی. مقررین نے کہاکہ نبی اکرم  ﷺ کی زندگی مسلمانوں کیلئے کامل نمونہ ہے. اسوہ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹی جاسکتی ہیں. مقررین نے رسول اکرم  ﷺ کی شان میں گستاخی کی ناپاک جسارت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حضور اکرم کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی. اقوام عالم نوٹس لے اور ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایاجائے. 

محسن انسانیت، حبیب کبریاحضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانیت کی نجات کیلئے آخری نبی ﷺ بنا کر مبعوث کیے گئے آپ کی تعلیمات قیامت تک کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہیں انہوں نے اپنے اخلاق و کردار سے بہترین معاشرہ تشکیل دیا اور ان کے طرز عمل کو اللہ تعالی نے مسلمانوں کیلئے اسوہ حسنہ قرار دیا ہمیں چاہیئے کہ سیرت پاک ﷺ پر عمل کر کے دنیا اور آخرت میں نجات حاصل کریں. ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیر ہ غازیخان شیخ امجد حسین نے فرانس کی طرف سے رحمت اللعالمین  ﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ خاکوں کی جسارت پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حضور اکرم پوری انسانیت کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے.اللہ تعالی نے انسانوں کی ہدایت کیلئے آپ ﷺ پر قرآن مجید نازل کیا اورسید الانبیا ﷺ نے اپنے اخلاق و کردار سے قرآن کا عملی نمونہ پیش کیا. شیخ امجد حسین نے کہاکہ فرانس کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ناقابل برداشت ہے انہوں نے کہاکہ نبی اکرم  ﷺ کی عظمت و بزرگی مسلمانوں کے ایمان کی بنیاد ہے آقا  ﷺ کی عظمت و شان عالی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا.

ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات کے تحت ضلع کونسل ہال ڈیرہ غازیخان میں 22نومبر کو گیارہ بجے دن محفل میلاد اور سیرت کانفرنس منعقد ہو گی جس میں پارلیمنٹرین، افسران اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے. یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے مراسلہ میں کہی گئی ہے. 

ای لائبریری سپورٹس سٹیڈیم ڈیرہ غازیخان میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ تقریبات کے تحت سیمینار کاانعقاد کیاگیا. ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطا الرحمن، مختلف کالجز کے اساتذہ اور طلباؤ طالبات نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی. اس موقع پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں. ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطا الرحمن نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر محکمہ سپورٹس کی طرف سے بھی تقریبات کا انعقاد کیاگیا.ا ی لائبریری میں یاسر سعید، محمد ارشد، محمد عدنان، جاوید الیاس اور مختلف کالجوں کی طالبات نے نعت رسول مقبول ﷺ اور تقاریر پیش کیں.